عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ گنڈولہ میں پیر کے روز اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب گنڈولا سروس تکنیکی خرابی کے باعث اچانک بند ہو گئی، جس کے نتیجے میں تقریباً 300 سیاح فضا میں معلق کیبل کاروں میں پھنس گئے۔
حکام نے بتایا کہ گنڈولا سروس میں اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد کیبل کاریں درمیان راستے میں رک گئیں، جس سے خواتین اور بچوں سمیت متعدد سیاح خوفزدہ ہو گئے۔
واقعہ پیش آتے ہی فوج کی 9 راج رائفل، جموں و کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ کے اہلکار فوری طور پر جائے موقع پر پہنچ گئے اور بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور تحصیلدار ٹنگمرگ بھی موقع پر پہنچے اور بچاؤ کارروائیوں کی نگرانی کی۔
عینی شاہدین کے مطابق کئی سیاح شدید خوف میں مبتلا ہو گئے تھے، تاہم حکام نے بتایا کہ صورتحال قابو میں ہے اور تمام پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنے کے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
ادھر تکنیکی ماہرین کو بھی تعینات کیا گیا ہے تاکہ خرابی کی وجوہات معلوم کرکے گنڈولا سروس کو دوبارہ بحال کیا جا سکے۔