عظمیٰ ویب ڈیسک
ریاسی// جموں صوبہ کے ریاسی ضلع میں اتوار کو پیش آئے ایک سڑک حادثے میں تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ ایک کمسن معجزاتی طور پر بچ نکلا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ضلع ریاسی کے بدا علاقے میں ایک چھوٹی گاڑی (کیمپر) زیر رجسٹریشن نمبر JK20-6673کھائی میں گرنے سے مبینہ طور پر تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ ایک کمسن بچہ بچ گیا ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچے اور بچائو کاروائی شروع کی، تاہم جائے حادثہ سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ حادثے میں 3 سال کا بچہ زخمی ہوا ہے، جسے ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کر دیا گیا ہے۔
متوفین کی شناخت ڈرائیور مکیش سنگھ ولد سنیت سنگھ، اُس کی والدہ گڈی دیوی زوجہ سنیت سنگھ اور بہن شووا دیوی کے طور پر ہوئی ہے۔
ادھر، پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔