عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/کرائم برانچ کشمیر کے اکنامک آفنسز وِنگ (EOW) نے ضلع بڈگام میں جعلی ریلوے بھرتی گھوٹالے کے ایک معاملے میں تین افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔
ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ، نئی دہلی کے جعلی تقرری نامے جاری کر کے ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کو دھوکہ دیا اور اس کے عوض بھاری رقوم وصول کیں۔
جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرائم برانچ کشمیر کے ای او ڈبلیو نے ایف آئی آر نمبر 08/2025 کے تحت عدالت جوڈیشل مجسٹریٹ درجہ اول، بیروہ، بڈگام میں تین ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ چارج شیٹ تعزیراتِ ہند کی دفعات 420، 468، 471 اور 120-بی کے تحت پیش کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق ملزمان کی شناخت عبدالحمید شیخ ولد غلام محی الدین شیخ ساکن چیوڈارہ، بیروہ، بڈگام؛ عادل شاہ ولد عبدالرشید شاہ ساکن سونوار، سری نگر حال پتہ زیوان؛ اور مفتی غلام حسن کمار ولد محمد عاشور کمار ساکن حب ڈنگرپورہ، سوپور حال پتہ رتسونا، بیروہ، بڈگام کے طور پر کی گئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کیس کی ابتدا مفتی غلام حسن کمار کی تحریری شکایت پر ہوئی، جس میں اس نے الزام لگایا کہ عبدالحمید شیخ اور عادل شاہ نے اسے ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ، نئی دہلی کی جانب سے جاری کردہ جعلی تقرری نامے فراہم کیے۔ ان جعلی تقرری ناموں پر ڈی جی ایم، ناردرن ریلوے، پہاڑ گنج، نئی دہلی کے جعلی دستخط اور مہریں لگی ہوئی تھیں۔
ای او ڈبلیو کشمیر کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد تفصیلی تفتیش شروع کی گئی، جس دوران ابتدائی طور پر یہ بات ثابت ہوئی کہ ملزمان نے آپس میں سازباز کر کے سرکاری ملازمت دلانے کا جھانسہ دیا اور متاثرین سے خطیر رقم وصول کی۔ تقرری ناموں کی جانچ پڑتال کے دوران انہیں جعلی اور من گھڑت پایا گیا۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ شکایت کنندہ مفتی غلام حسن کمار خود بھی اس جرم میں ملوث تھا۔ تفتیش سے معلوم ہوا کہ اس نے دیگر متاثرین سے بھی ملازمت دلانے کے نام پر پیسے لیے اور انہیں جعلی تقرری نامے جاری کیے۔ اس طرح اس کا کردار بھی دیگر ملزمان کے ساتھ اس دھوکہ دہی اور سازش میں سامنے آیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران جمع کیے گئے شواہد اور حقائق کی بنیاد پر دفعہ 173 ضابطہ فوجداری کے تحت حتمی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔
ای او ڈبلیو کشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ معاشی جرائم کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گا اور معصوم شہریوں کو جعلی ملازمت گھوٹالوں سے بچانے کے لیے پرعزم ہےـ
جعلی ملازمت گھوٹالہ: ای او ڈبلیو کشمیر نے تین ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کر دی