عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کو منشیات سے پاک بنانے کے ہدف کے تحت جاری 100 روزہ نشہ مکت ابھیان میں ریاستی پولیس اور سکیورٹی ایجنسیوں نے ڈرگ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی تیز کر دی ہے۔ خاص طور پر سرحد سے ملحقہ اضلاع میں سپلائی چین توڑنے اور اسمگلنگ روکنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔اس مہم کا آغاز 11 اپریل کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مولانا آزاد اسٹیڈیم سے کیا۔ انہوں نے پد یاترا کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور عام لوگوں، عوامی نمائندوں اور حکام کے ساتھ خود بھی اس میں حصہ لیا۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شریدھر پاٹل نے کہا کہ ’’عادی اسمگلروں اور ڈرگ سپلائرز کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ جموں، کٹھوعہ اور سامبا کے اضلاع پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کا اشتراک کرتے ہیں، جہاں سے اسمگلنگ کی کوششیں ہوتی ہیں۔ پاٹل نے کہا کہ پولیس کی حکمت عملی سپلائی چین کو جڑ سے ختم کرنا ہے، اور اس ضمن میں وصول کنندگان، درمیانی افراد اور صارفین سبھی تفتیش کے دائرے میں شامل ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مقامی نیٹ ورک اور سرحدی علاقوں میں سرگرم ایجنٹوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ پہلی بار نشے کی گرفت میں آنے والے لوگوں کے لیے کونسلنگ اور بحالی (ری ہیبلی ٹیشن) پر زور دیا جا رہا ہے، جبکہ اسمگلروں کے خلاف ’’زیرو ٹولرنس‘‘کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری-پونچھ، سندیپ وزیر نے بتایا کہ تمام تھانوں کو ڈرگ اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ خصوصی ٹیمیں، ناکہ بندی اور نگرانی کے نظام کو مضبوط کیا گیا ہے تاکہ اسمگلنگ اور تقسیم پر فوری روک لگائی جا سکے۔سرحدی علاقوں میں عام شہریوں کی شرکت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ لوگ پولیس کو معلومات دے کر مہم میں تعاون کر رہے ہیں، جس سے نیٹ ورک تک پہنچنا آسان ہو رہا ہے۔ اس دوران’’ٹیم جموں‘‘کے صدر زورآور سنگھ جاموال نے سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’’جموں و کشمیر کو اڑتا پنجاب نہیں بننے دیا جا سکتا۔‘‘
منوج سنہا کے مطابق مہم کو آگاہی، یوتھ پروگرامز، کمیونٹی شرکت، سخت قانونی کارروائی، بحالی اور تشخیص کے چھ مراحل میں نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ مافیا کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، ان کی جائیدادیں ضبط ہوں گی اور سرغنوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ پڑوسی ملک سرحد پار اسمگلنگ کے ذریعے معاشرے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، جسے ہر حال میں روکا جائے گا۔
جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں ڈرگ نیٹ ورک کے خلاف سخت کارروائی