عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ کشمیر میں ناقص اور غیر معیاری الیکٹرک کمبلوں کے استعمال میں اضافے کے باعث سردیوں کے دوران آگ لگنے کے واقعات میں نمایاں اضافہ درج کیا جا رہا ہے، خصوصاً سرینگر سمیت متعدد اضلاع میں ایسے واقعات کی شرح بڑھی ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے حکام نے بتایا کہ حالیہ فائر کالز کی تحقیقات سے واضح ہوا کہ متعدد گھروں میں آگ بھڑکنے کی اصل وجہ خراب الیکٹرک کمبل ہی تھے۔ ان کے مطابق کم معیار کے ہیٹنگ آلات کا غیر ذمہ دارانہ اور طویل استعمال گھروں کو سردیوں میں ’’فائر ٹریپ‘‘میں تبدیل کر رہا ہے۔
ایک سینئر آفیسر نے کہا،لوگ ان کمبلوں کو گھنٹوں تک یا پوری رات بجلی سے جوڑے رکھتے ہیں۔ جب کمبل غیر معیاری ہوتا ہے تو اس کی اندرونی حرارتی پلیٹیں حد سے زیادہ گرم ہو جاتی ہیں، انسولیشن کمزور پڑ جاتی ہے اور آخرکار یہی کمبل آگ کا سبب بنتا ہے۔محکمہ نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ الیکٹرک کمبل صرف بستر گرم کرنے کے لیے استعمال کریں اور سونے سے قبل انہیں مکمل طور پر بند کر دیں۔حکام کے مطابق اچھے معیار کے کمبل بھی 10 سے 15 منٹ کے استعمال کے بعد بند کر دیے جائیں۔
فائر حکام نے بتایا کہ مقامی مارکیٹوں میں فروخت ہونے والے بیشتر ناقص الیکٹرک کمبل کم معیار کی وائرنگ اور ناقص انسولیشن سے تیار کیے جاتے ہیں جو بار بار گرم ہونے سے جلد خراب ہو جاتے ہیں۔ وولٹیج میں اتار چڑھاؤ، گھروں کی پرانی وائرنگ اور کٹ آف سسٹم کا نہ ہونا آگ لگنے کے خطرے میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ایک اور افسر کے مطابق جب اندرونی تاریں غیر متوازن طور پر گرم ہونا شروع ہوتی ہیں تو کپڑا خشک اور کمزور ہو جاتا ہے جس سے چنگاریاں اٹھنے لگتی ہیں اور بعض اوقات آگ بھڑک اٹھتی ہے۔حکام نے بتایا کہ دورانِ تفتیش یہ معلوم ہوا کہ سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے کئی واقعات براہ راست گرم ہو کر خراب ہونے والے الیکٹرک کمبلوں سے جڑے پائے گئے۔ایک افسر نے بتایابہت سے گھروں میں جب ہم پہنچے تو کمبل آگ پھیلنے کے باوجود بھی بجلی سے جڑے ہوئے تھے۔محکمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کمبل سے جلنے کی بو آئے، حرارت غیر معمولی ہو یا تاریں باہر نظر آئیں تو فوراً اسے استعمال کرنا چھوڑ دیں۔ انہوں نے الیکٹرک کمبلوں کو سختی سے موڑنے، ان پر بھاری چیزیں رکھنے یا نمی کی سطح پر استعمال کرنے سے بھی منع کیا ہے، کیونکہ یہ عمل ان کے اندرونی سسٹم کو خراب کر کے آگ کے امکانات بڑھا دیتا ہے۔فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز نے سردی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر عوام سے خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ معمولی سی غفلت بھی جان و مال کے نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔
کشمیر میں آتشزدگی کے بڑھتے واقعات کی بڑی وجہ ناقص الیکٹرک کمبلوں کا استعمال: محکمہ فائر سروسز