عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے جمعرات کو کہا کہ اسٹامپ ڈیوٹی کی شرحوں میں سالانہ نظرثانی ایک معمول کا انتظامی عمل ہے اور نظرثانی شدہ شرحیں جلد نوٹیفکیشن کے ذریعے جاری کی جائیں گی۔
سرینگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انشل گرگ نے کہا کہ یہ مشق ہر سال کی جاتی ہے اور نئی اسٹامپ ڈیوٹی کی شرحیں یکم جنوری سے نافذ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا، یہ ایک معمول کی انتظامی روایت ہے۔ قواعد کے مطابق نئی شرحیں جلد جاری کی جائیں گی۔
سرمائی تیاریوں کے حوالے سے کمشنر موصوف نے کہا کہ وادی کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات کو فعال کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمائی تیاریوں کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کی جا رہی ہے اور وزیر اعلیٰ نے حال ہی میں پورے جموں و کشمیر کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا ہے۔ انھوں نے کہا تمام محکموں نے حسبِ روایت اپنے سرمائی تیاری کے منصوبے فعال کر دیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنروں کی جانب سے ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جبکہ ڈویژنل کنٹرول روم انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے کام کر رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ کنٹرول روم عوامی شکایات کے ازالے اور موسم سرما کے دوران ہم آہنگ ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے فعال رہیں گے۔
ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ برف باری کے دوران برف کی بروقت صفائی، بلا تعطل بجلی کی فراہمی اور خراب ٹرانسفارمروں کی فوری تبدیلی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔انھوں نے کہا موسم سرما میں بجلی کی رکاوٹیں ایک بڑا مسئلہ ہوتی ہیں، اس لیے محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ خدمات کی فوری بحالی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ضروری اشیائے خورد و نوش، جن میں راشن اور ایل پی جی شامل ہیں، وافر مقدار میں پہلے سے ذخیرہ کر دی گئی ہیں، خاص طور پر دور دراز اور برف باری سے متاثرہ علاقوں میں۔
انہوں نے بتایا کہ شدید سردی کے دوران اضافی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے صحت کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا ہسپتالوں اور دیگر اہم اداروں میں حرارتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کیے گئے ہیں تاکہ عوام ضرورت پڑنے پر مدد حاصل کر سکیں۔صوبائی کمشنر نے مزید کہا کہ کشمیر کے کئی پہاڑی اور دور افتادہ علاقوں میں پہلے ہی برف باری ہو چکی ہے اور آئندہ دنوں میں وادی کے میدانی علاقوں میں بھی برف باری متوقع ہے۔ ہم موسم سرما سے متعلق معمول کے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
انتظامیہ موسم سرما کی مشکلات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے: صوبائی کمشنرکشمیر