عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں تعینات ایک سینئر لیکچرر کے خلاف ایک طالبہ کی جانب سے ہراسانی کے الزامات عائد کیے جانے کے بعد پولیس کیس درج کر لیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ استاد کو فوری طور پر معطل کر کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سوپور، افتخار طالب نے بتایا کہ طالبہ کی شکایت کے بعد مذکورہ لیکچرر کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ادھر، ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے بھی فوری کارروائی کرتے ہوئے لیکچرر کو معطل کر دیا ہے اور اس کے طرزِ عمل کی جانچ کے لیے باضابطہ انکوائری کا حکم دیا ہے۔جوائنٹ ڈائریکٹر نارتھ کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جنہیں 15 دن کے اندر اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔الزامات کے بعد سوپور میں طلبہ نے احتجاج بھی کیا اور لیکچرر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
سوپور میں لیکچرر معطل، طالبہ کی ہراسانی کے الزام پر پولیس کیس درج