عظمیٰ ویب ڈیسک
دہرادون/ہریدوار/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کے روز ہریدوار میں منعقدہ ’اکھل وشو گایتری پریوار‘ کی صد سالہ تقریب میں گایتری پریوار کی جانب سے کی جانے والی سماجی، ثقافتی اور تعمیرِ وطن کی سرگرمیوں کی ستائش کی اور اچاریہ شری رام شرما کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مسائل کا حل ہندوستانی روایات میں پوشیدہ ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شری رام شرما آچاریہ نے سناتن دھرم میں پائی جانے والی خرابیوں کو دور کر کے روحانیت کو سماجی ذمہ داریوں سے جوڑا اور مساوات، تہذیب، اتحاد اور یکجہتی کی اقدار کو مضبوط کیا۔ انہوں نے ’’فرد کی تعمیر سے سماج کی تعمیر اور قوم کی تعمیر‘‘ کے نظریے کو عملی شکل دینے کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے آچاریہ جی کے پیغام ’’ہم سدھریں گے، یُگ سدھرے گا‘‘ کو انسانی فلاح کا بنیادی منتر قرار دیتے ہوئے اسے عوام الناس تک پہنچانے کی اپیل کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں ملک کی کام کرنے کی ثقافت اور سوچ میں نمایاں مثبت تبدیلی آئی ہے۔ آج ہندوستان کو اس کی شاندار وراثت، تہذیب اور اقدار کے حوالے سے عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوامی وویکانند اور اروِند گھوش جیسے عظیم مفکرین کے خیالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ترقی سے پوری انسانیت کی ترقی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ دیو بھومی ہریدوار میں قدم رکھتے ہی روحانی کیفیت محسوس ہوتی ہے اور گایتری منتر انسان کے اندر ہم آہنگی، قومی خدمت اور انسانی فلاح کی شعور کو بیدار کرتا ہے۔