عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/شمالی کشمیر کے رازدان پاس اور دیگر بالائی علاقوں میں ہفتہ کے روز تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ وادی کے کئی میدانی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی ہے۔
جموں و کشمیر میں سرگرم مغربی ہواؤں کے زیرِ اثر موسم میں اچانک تبدیلی کے بعد رازدان پاس اور وادیٔ تلیل کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔
وادی کشمیر کے کئی میدانی اضلاع میں دن بھر بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی، جس سے سیب کے باغات، سبزیوں کے کھیتوں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ دیہات سے نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور متعلقہ ٹیمیں نقصانات کا جائزہ لیں گی۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ کئی سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت بھی متاثر رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک موسم غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق 23 سے 25 مئی کے دوران صبح کے اوقات میں عمومی طور موسم خشک رہے گا، تاہم دوپہر کے بعد مختلف مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
26 سے 28 مئی تک جموں و کشمیر میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ 29 سے 31 مئی کے دوران چند مقامات پر مختصر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام، خصوصاً پہاڑی اور حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
رازدان پاس برف سے ڈھک گیا، کشمیر کے میدانی علاقوں میں ژالہ باری اور تیز بارش