عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) کے کمشنر نے شہر میں جانوروں کی بڑھتی ہوئی اموات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل ویٹرنری آفیسر کو انتظامی غفلت اور فرائض میں کوتاہی کے الزام میں فوری طور پر ان کے عہدے سے فوری طور فارغ کر دیا ہے۔کمشنر کی جانب سے جاری کردہ سرکاری حکم نامہ (نمبر 1175 آف 2025)میں کہا گیا ہے کہ اینیمل برتھ کنٹرول (ABC) پروگرام کے ناقص نفاذ اور جانوروں کی دیکھ بھال سے متعلق مراکز کے غیر مؤثر انتظام کے باعث متعدد جانوروں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ یہ پروگرام ایم/ایس کاوز (CAWS) کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا تھا، جو پہلے ہی کرائم برانچ میں درج ایف آئی آر کا سامنا کر رہی ہے۔حکم نامے میں گزشتہ دو ماہ کے دوران جانوروں کی اموات میں خطرناک حد تک اضافے پر’’سخت تشویش‘‘ظاہر کی گئی ہے، جس کی وجہ مناسب طبی نگہداشت کی کمی اور غذائی قلت بتائی گئی ہے، حالانکہ کارپوریشن کی جانب سے افرادی قوت، ادویات اور خوراک کی مناسب فراہمی موجود تھی۔
کمشنر نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ طبی سامان اور جانوروں کے لیے خوراک/چارہ سہولت گاہ میں دستیاب نہیں تھا، باوجود اس کے کہ واضح ہدایات اور خاطر خواہ بجٹ فراہم کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ لازمی تعمیل اور انوینٹری رجسٹرز کی دیکھ بھال بھی نہیں کی جا رہی تھی، جو معیاری عملی طریقۂ کار (ایس او پیز) کی خلاف ورزی ہے۔حکم کے مطابق ڈاکٹر فاضل بشیر راتھر کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر چارج ٹرانسپورٹ آفیسر شاہد اسرار علی کے حوالے کریں، تفصیلی چارج رپورٹ جمع کرائیں اور کارپوریشن کے احاطے کو خالی کریں۔ ایس ایم سی نے محکمہ زراعت و پیداوار سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اس عہدے کو پُر کرنے کے لیے متبادل میونسپل ویٹرنری آفیسر تعینات کرے۔
سرینگر میں جانوروں کی اموات میں تشویشناک اضافہ، ایس ایم سی کا اظہارِ تشویش