عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ سے تعلق رکھنے والے چھ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور پنجاب میں گیس سلنڈر کے ایک ہولناک دھماکے میں شدید طور پر زخمی ہو گئے، جس کے بعد متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری مالی اور طبی امداد کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ تمام مزدور روزگار کی تلاش میں اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کے لیے پنجاب گئے تھے اور جکھوالی پنڈ میں ایک کرائے کے کمرے میں مقیم تھے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ کھانا تیار کر رہے تھے کہ اچانک گیس سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں تمام چھ افراد کو شدید جھلسنے اور دھماکے سے متعلق سنگین چوٹیں آئیں۔
زخمیوں کی شناخت عبدالوحید، رفیق احمد، فرزاد احمد، اختیار احمد، عبدالراشد اور نزاکت حسین کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر راجندر اسپتال پٹیالہ منتقل کیا گیا، جہاں وہ اس وقت انتہائی نگہداشت میں زیرِ علاج ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کی حالت تشویشناک ہے۔
جموں و کشمیر گوجر بکر وال یوتھ ویلفیئر کانفرنس کے ریاستی صدر زاہد پرویز چوہدری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے زخمی مزدوروں اور ان کے اہلِ خانہ کی ابتر سماجی و معاشی حالت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام زخمی افراد نہایت غریب پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں اور اپنے گھروں کے واحد کفیل ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ ان خاندانوں کے پاس نہ کوئی مستقل ذریعۂ آمدن ہے اور نہ ہی بچت، اور اب مہنگے طبی علاج اور طویل نگہداشت کے اخراجات برداشت کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
انھوں نے حکومت سے فوری مالی امداد، طبی سہولیات اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کی پرزور اپیل کی ہے، ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کو بلا تاخیر بہتر اور مکمل علاج فراہم کیا جائے۔
پنجاب میں بھیانک گیس سلنڈر دھماکہ، جموں و کشمیر کے چھ مزدور شدید زخمی