عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/آج کئی اراکینِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ سے اہم ملاقات کی جس میں اپنے اپنے حلقوں میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اراکینِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو اپنے علاقوں میں عوام کو درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی کمی اور ترقیاتی رفتار میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، بجلی کے مسائل، طبی مراکز میں سہولیات کی کمی اور تعلیمی اداروں کی حالت فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
ملاقات کے دوران منتخب نمائندوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام مسائل اور تجاویز کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو واضح ہدایات دیں کہ ترقیاتی کاموں میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے۔اراکینِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری اقدامات سے ان کے حلقوں میں ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی اور عوامی مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔
وزیر اعلیٰ سے متعدد اراکین اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح پرتفصیلی گفتگو