عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/ضلع بڈگام میں غیر مجاز ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کے استعمال کے خلاف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی افراد کے خلاف قانونی قدم اٹھایا ہے۔ یہ کارروائی ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایسے وی پی این سروسز کے استعمال پر پابندی کے احکامات کے بعد عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق پابندی کے نفاذ کے بعد ضلع بھر میں منظم جانچ اور نگرانی کی گئی، جس کے دوران 24 افراد کی نشاندہی ہوئی جو امتناعی احکامات کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔تحقیقات اور تفصیلی تکنیکی تجزیے کے بعد پولیس نے دو ایف آئی آر ان افراد کے خلاف درج کیں جن کا پس منظر شدت پسندی سے متعلق بتایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ معاملات خفیہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے غلط استعمال سے پیدا ہونے والے سنگین سیکورٹی خطرات کو اجاگر کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ، 18 سے 40 سال کی عمر کے گیارہ افراد کے خلاف امتناعی احکامات کی عدم تعمیل پر سیکورٹی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق ان افراد کو بھارتیہ نیائےسنہتا (BNSS) کی دفعات 126 اور 170 کے تحت پابند کیا گیا، بعد ازاں انہیں وارننگ دے کر رہا کر دیا گیا۔
بڈگام میں وی پی این کے استعمال پر کارروائی، دو ایف آئی آر درج