عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/یوم جمہوریہ کی آمد کے ساتھ ہی وادی کشمیر بالخصوص سری نگر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اضافی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو ہر آنے جانے والوں کی باریک بینی سے تلاشی لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق، یوم جمہوریہ سے قبل ممکنہ سیکیورٹی چیلنجز، دہشت گرد سرگرمیوں کے خدشات اور تخریبی عناصر کی نقل و حرکت پر قریب سے نظر رکھنے کے لیے شہر میں اضافی فورسز تعینات کر دی گئی ہیں۔ دارالحکومت کے مرکزی مقامات—لال چو ک، ایم اے روڈ،سونہ وار، کرن نگر، ڈلگیٹ اور بٹہ مالو—میں خصوصی ناکہ بندی کی گئی ہے، جہاں راہگیروں، دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران صبر اور تعاون کا مظاہرہ کریں، کیونکہ یہ اقدامات صرف ان کی حفاظت کے لیے ہیں۔ حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ کسی بھی مقام پر غیر ضروری بھیڑ یا مشکوک سرگرمی کی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پر اطلاع دی جائے۔یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب سری نگر میں منعقد ہوگی، جس کے لیے مکمل ڈریس ریہرسل بھی جاری ہے۔ انتظامیہ کو یقین ہے کہ بڑی تقریب کے دوران کسی بھی قسم کی رکاوٹ، ہنگامی صورتحال یا سیکورٹی مسئلے کو فوراً نمٹنے کے لیے تمام ایجنسیاں مکمل تیاری کی حالت میں ہیں۔
یوم جمہوریہ سے قبل سرینگر میں سیکورٹی ہائی الرٹ، شہر بھر میں غیر معمولی حفاظتی اقدامات