عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/انڈین میڈیکل کونسل کی جانب سے ماتا ویشنو دیوی میڈیکل کالج کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر اور راجیہ سبھا ممبر نے انڈین میڈیکل کونسل کو خود مختار ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 50کے قریب ایم بی بی ایس طلاب کے مستقبل کو بچایا گیا ۔ شرما نے عمرعبداللہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال گزر گیا بنیادی سہولیات کے حوالے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کو چاہیے کہ وہ اپنی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کے بارے میں وائٹ پیپر سامنے لائے ۔
کانگریس کی جانب سے میڈیکل کالج کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کے فیصلے سے جموں کو کیا ملا کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بی جے پی کے صدر نے کہا کہ جب لوگ سڑکوں پر تھے ، کانگریس کہاں تھی ۔ انہیں لوگوں کے احساسات اور جذبات کیساتھ دور کا بھی واسطہ نہیں ہے ۔ بجٹ اجلاس کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے ممبران کی جانب سے سرکار کو گھیرنے ، عوامی مسائل کے حل اور درپیش مشکلات سے نمٹنے کیلئے لائحہ عمل اپنانے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ست شرما نے کہا کہ پوری طرح سے حکومت کو گھیرا جائے گا ، ان سے ڈیڑھ سال کی کارکردگی کا جواب مانگا جائیگا ، اس بات کی جانکاری حاصل کی جائے گی کہ سردیوں کے ایام میں لوگو ں کو بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کا سامنا کیوں ہے ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اور سینئر لیڈر کی جانب سے جموں کو علیحدہ کرنے کے بیان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرما نے ایک دفعہ پھر اپنے موقف کو دہرایا کہ یہ شام لعل شرما کا ذاتی بیان ہے ۔ بی جے پی کو اس کے ساتھ کوئی سروکار نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر کو متحد رکھنے کیلئے شیاما پرساد مکھرجی سمیت 15افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اُس وقت نیشنل کانفرنس ، کانگریس کے حکمرانوں نے ان پر گولیاں چلائیں۔
انڈین میڈیکل کونسل کی جانب سے ماتا ویشنو دیوی میڈیکل کالج کی رجسٹریشن منسوخ کرنے کا فیصلہ اطمینان بخش :ست شرما