عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/رکن پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے جمعرات کو ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ نئی سیاسی جماعت تشکیل دے رہے ہیں۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آغا روح اللہ نے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کسی بھی پیش رفت کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، “مجھے بھی بتائیں کہ کون سی جماعت میرے نام سے بن رہی ہے، مجھے خود اس کا علم نہیں۔ اگر کوئی ایسی جماعت ہے تو میں بھی اس میں درخواست دے دوں گا۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جموں و کشمیر میں ممکنہ سیاسی صف بندیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
ریزرویشن کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جواب کا انتظار ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ فائل لیفٹیننٹ گورنر کے دفتر بھیج دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ فائل کب واپس آئے گی اور اس پر کیا ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ “حکومت کو صرف معاملے کو تسلیم کرنے پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے بلکہ واضح کرنا ہوگا کہ فائل کب واپس آئے گی ۔
ریزریشن معاملہ: حکومت کو واضح کرنا چاہیے ایل جی دفتر سے فائل واپس کب آئے گی : آغا روح اللہ