عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/زڈی بل سے رکنِ اسمبلی تنویر صادق نے جمعہ کے روز کہا کہ ریزرویشن کے معاملے پر کابینہ تقریباً 25 روز قبل ہی فیصلہ کر چکی ہے اور متعلقہ فائل منظوری کے لیے راج بھون کو بھیج دی گئی ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ ممکن ہے بہت سے نوجوان اس پیش رفت سے واقف نہ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریزرویشن کی (Rationalization) پارٹی کے انتخابی منشور کا حصہ تھی۔ انہوں نے کہاہم نے اپنا کام کر دیا ہے۔ کابینہ نے فیصلہ لے لیا ہے اور فائل راج بھون کو ارسال کر دی گئی ہے۔
تنویر صادق نے تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کی کہ وہ یکجا ہو کر راج بھون سے گزارش کریں کہ ریزرویشن فائل کو جلد از جلد منظوری دی جائے تاکہ حکومت اس فیصلے پر عمل درآمد کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کچھ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں، جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہافائل اس وقت راج بھون کے پاس ہے اور اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ کتنی جلد کارروائی کرتے ہیں۔ ہماری درخواست ہے کہ اسے بغیر کسی تاخیر کے منظوری دی جائے۔