عظمیٰ ویب ڈیسک
بانڈی پورہ/محکمۂ جنگلی حیات نے جمعہ کے روز دو بڑی کارروائیوں میں گریز وادی کے علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک نایاب نر مشک ہرن کو بحفاظت ریسکیو کیا جبکہ بانڈی پورہ قصبے میں ایک ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا۔
حکام کے مطابق، مشک ہرن جسے مقامی زبان میں ’’روُس کٹ‘‘کہا جاتا ہے، گریزکے وانپورہ گاؤں میں اس کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کیا گیا۔ محکمۂ جنگلی حیات کے عہدیدارتنویر احمد نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ جانور کو نہایت احتیاط کے ساتھ بغیر کسی نقصان کے قابو میں لیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ مشک ہرن کو محفوظ طریقے سے اجاس رینج منتقل کیا گیا جہاں سے اسے مزید بحالی اور علاج کے لیے ڈاچی گام وائلڈ لائف ری ہیبلیٹیشن سینٹر بھیج دیا گیا۔
ادھر ایک علیحدہ کارروائی میں جمعہ کی صبح بانڈی پورہ کے حدبال اہامہ شریف علاقے سے ایک ریچھ کو زندہ پکڑ لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی سے انسانی جانوں اور جنگلی جانور دونوں کو ممکنہ خطرے سے بچا لیا گیا۔محکمۂ جنگلی حیات نے کہا کہ یہ دونوں کارروائیاں نایاب اور خطرے سے دوچار جنگلی حیات کے تحفظ کے عزم کا حصہ ہیں، جبکہ انسانی آبادیوں میں حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکام نے مقامی لوگوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے اپیل کی کہ جنگلی جانور نظر آنے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔