محمد تسکین
بانہال // محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق ہفتے کی صبح سے ضلع رامبن کے مختلف علاقوں میں کئی ہفتوں کی خشک سالی کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس سے زمینداروں کو خاصی راحت ملنے کی امید ہے۔
ضلع رامبن کے علاقوں سے اطلاعات ہیکہ ضلع رامبن اور بانہال کے بیشتر نچلے علاقوں میں موسلادھار بارش جاری ہیں جبکہ سب ڈویژن بانہال کے خوبصورت سیاحتی مقام مہو وادی میں تازہ برفباری ہو رہی ہے اور آخری خبریں آنے تک برف و باراں کا یہ سلسلہ جاری تھا۔
اس دوران جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ پر مال اور مسافر گاڑیوں کو دونوں طرف کے ٹریفک میں چلنے کی اجازت ہے اور اور بارشوں کے باوجود دو طرفہ ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری ہے۔
ٹریفک پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتے کی صبح تقریباً دس بجے سے شروع ہونے والی بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، تاہم جموں سرینگر قومی شاہراہ پر معمول کا ٹریفک بغیر کسی خلل کے جاری یے اور ٹریفک معمول کے مطابق چل رہا ہے ۔
ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں بارشوں اور مہو وادی میں تازہ برفباری، خشک سالی کے بعد زمینداروں کو راحت کی امید