عظمیٰ ویب ڈیسک
اونا (ہماچل پردیش)/کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی 21 اپریل سے 30 اپریل تک کانگڑہ میں منعقد ہونے والے تربیتی کیمپ کے دوران ہماچل پردیش اور جموں و کشمیر کے ضلعی پارٹی صدور سے بات چیت کریں گے۔ ہماچل کانگریس کے صدر ونے کمار نے بتایا کہ اس دورے کا مقصد پارٹی کارکنوں میں نئی روح پھونکنا ہے۔منگل کی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ونے کمار نے کہا کہ تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے ریاست بھر میں جلد بلاک کانگریس صدور مقرر کیے جائیں گے اور اس کے بعد ضلعی سطح پر ایگزیکٹو کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ کانگریس پارٹی پنچایتی راج اداروں اور میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ضلع کونسل و میونسپل کارپوریشن کے امیدواروں کی منظوری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ ونے کمار نے ان مقامی انتخابات کو آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کا “سیمی فائنل” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا مقصد ریاست میں دوبارہ کانگریس کی حکومت قائم کرنا ہے۔
ونے کمار نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس منفی پروپیگنڈے کے بجائے اپنی پالیسیوں اور ترقیاتی ایجنڈے کو فروغ دیتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’بی جے پی مختلف گروہ میں بٹی ہوئی ہے، جبکہ کانگریس میں کوئی گروہ بندی نہیں ہے۔ حکومت اور تنظیم کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے اور ہم سب کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے۔‘‘
انہوں نے وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو کے پیش کردہ بجٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس میں دیہی علاقوں، کسانوں اور باغبانی سے وابستہ افراد کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے اپنے 6 انتخابی وعدے پورے کر دیے ہیں اور بقیہ 4 وعدے بھی حکومت کی مدت پوری ہونے سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے۔