عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے ریاستی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر نے کہا ہے کہ پارٹی صدر عمر عبداللہ کی سربراہی میں عوامی حکومت جموں و کشمیر کے عوام کی راحت رسانی اور فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن وسائل استعمال میں لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ٹی طرزِ انتظام کے باوجود گزشتہ ایک سال کے دوران عوامی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنے دی گئی۔شوکت میر نے یہ بات آج پارٹی ہیڈکوارٹر سرینگر میں مختلف عوامی وفود، پارٹی عہدیداران اور کارکنوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے لوگوں کے مسائل نہ صرف توجہ سے سُنے بلکہ ان کے فوری حل کے لئے موقعے پر ہی متعلقہ حکام سے رابطہ بھی قائم کیا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ زمینی سطح پر عوام سے براہِ راست رابطہ قائم رکھا ہے، چاہے وہ گلی محلے ہوں، دیہات ہوں یا قصبے۔ عوامی رابطہ ہمارا امتیاز ہے اور یہی نیشنل کانفرنس کی اصل شناخت بھی ہے۔شوکت میر نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کی سیاست کا بنیادی محور ہمیشہ سے عوامی فلاح رہی ہے۔ تعلیم، صحت، روزگار، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سماجی انصاف غرض ہر شعبے میں پارٹی نے عوام دوست پالیسیاں اختیار کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کبھی اقتدار کو مقصد نہیں بنایا بلکہ اسے عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھا ہے۔
عوامی خدمت ہمارا مشن، ہم تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں: شوکت میر