عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے آج کہا کہ پراگتی (Pro-Active Governance and Timely Implementation) پلیٹ فارم نے جموں و کشمیر میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے میں انقلابی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کا نظام طویل عرصے سے زیر التوا منصوبوں کے مسائل حل کرنے اور بڑے منصوبوں کی رفتار تیز کرنے کا مؤثر ذریعہ بن چکا ہے۔پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے پراگتی50 کی اہمیت اجاگر کی اور بتایا کہ اس نظام کے تحت بین المحکماتی رکاوٹوں اور طریقۂ کار میں تاخیر کے باعث دہائیوں سے رکے ہوئے کئی منصوبے دوبارہ فعال ہوئے ہیں۔اس موقع پر کمشنر سیکریٹری اطلاعات ایم راجو، ڈائریکٹر اطلاعات نتیش راجورا، ڈائریکٹر پی آئی بی جموں نیہاجلالی، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن ہیڈکوارٹرز ظہور احمد رینہ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں دیپک دوبے اور محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
چیف سیکریٹری نے اودھم پور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک (USBRL) منصوبے کو نمایاں مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1995 میں شروع ہونے کے باوجود تقریباً 25 برس تک اس منصوبے میں خاطر خواہ پیش رفت نہ ہو سکی، تاہم پراگتی کے تحت قریبی نگرانی اور اعلیٰ سطحی مداخلت، بالخصوص وزیر اعظم کی براہِ راست نگرانی کے بعد اس میں نمایاں تیزی آئی۔انہوں نے بتایا کہ 500 کروڑ روپے سے زائد لاگت والے تمام منصوبے وزیر اعظم گروپ (PMG) کی نگرانی میں ہیں، جس کی سربراہی کابینہ سیکریٹری کرتے ہیں، جبکہ نہایت اہم منصوبوں کا جائزہ خود وزیر اعظم پراگتی اجلاسوں میں لیتے ہیں۔
چیف سیکریٹری کے مطابق اس وقت جموں و کشمیر میں 61 منصوبے، جن کی مجموعی لاگت 4.12 لاکھ کروڑ روپے سے زائد ہے، پی ایم جی کی نگرانی میں ہیں۔ یہ منصوبے رابطہ کاری، توانائی اور سماجی انفراسٹرکچر جیسے اہم شعبوں سے متعلق ہیں۔ ان میں سے 69 ہزار کروڑ روپے لاگت کے 15 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر مختلف مراحل میں زیر تکمیل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے 15 بڑے منصوبے براہِ راست وزیر اعظم کی نگرانی میں پراگتی پلیٹ فارم کے تحت ہیں، جس سے اراضی کے حصول، مالی و جسمانی رکاوٹوں کے مسائل کے فوری حل اور متاثرہ خاندانوں کو بروقت و منصفانہ معاوضے کی ادائیگی ممکن ہوئی ہے۔
چیف سیکریٹری نے بتایا کہ پراگتی اجلاسوں میں جموں و کشمیر سے متعلق اٹھائے گئے 59 مسائل میں سے 57 کو میرٹ کی بنیاد پر حل کر لیا گیا ہے، جس سے یونین ٹیریٹری قومی سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والوں میں شامل ہو گئی ہے، اور ضلعی سطح پر مضبوط فالو اپ اس کامیابی کو مزید تقویت دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پراگتی نگرانی کے تحت جموں و کشمیر میں تقریباً 53 ہزار کروڑ روپے مالیت کے چھ بڑے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، جن میں اودھم پور،سرینگر،بارہمولہ ریل لنک، کشن گنگا پن بجلی منصوبہ بمعہ ٹرانسمیشن لائن، ایمس جموں، این ایچ-44 کا مشکل بانہال سیکشن، اور آلستینگ، کرگل خلتسے،لے ٹرانسمیشن لائن شامل ہیں۔
چیف سیکریٹری نے مزید بتایا کہ پراگتی کے تحت زیر نگرانی نو دیگر منصوبے بھی اطمینان بخش رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں، جن میں دہلی-امرتسر-کٹرہ ایکسپریس وے کوریڈور، ایمز اونتی پورہ، پکل ڈول پن بجلی منصوبہ، یو ایس او ایف کے تحت 4G موبائل کنیکٹیوٹی اور دیگر توانائی و رابطہ کاری کے منصوبے شامل ہیں۔اختتام پر چیف سیکریٹری نے یقین دلایا کہ حکومت پراگتی میکانزم کے تحت جاری ہدایات پر یونین ٹیریٹری سطح پر مکمل عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے، اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے انہیں مقررہ مدت میں نتیجہ خیز انداز میں مکمل کیا جائے گا۔
پراگتی پلیٹ فارم کے ذریعے جموں و کشمیر میں بڑے منصوبوں کی بروقت تکمیل ممکن:اتل ڈلو