عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت اسکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے اتوار کو موسم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی۔ یہ بات وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ہفتہ کے روز کہی۔سکینہ ایتو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت موسم کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے قبل مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا، گرمیوں کی تعطیلات کا ابھی ایک دن باقی ہے۔ ہم موسم کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور حکومت جلد ہی تعطیلات میں توسیع کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ طلبہ کی صحت اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا، اس میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر میں موسمی حالات تبدیل ہو رہے ہیں۔ ہمارے لیے طلبہ کی صحت ہر چیز سے زیادہ اہم ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے قبل ازیں کشمیر صوبہ اور جموں صوبہ کے سرمائی زون کے تمام اسکولوں میں 6 جولائی سے 19 جولائی تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موجودہ گرمی کی لہر19 جولائی تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ 20 سے 23 جولائی کے درمیان شدید بارشوں، اچانک سیلاب (فلیش فلڈ) اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
گرمائی تعطیلات میں توسیع پر کل ہوگا حتمی فیصلہ: سکینہ ایتو