عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ/پونچھ پولیس نے منگل کے روز ایک اہم کارروائی کے دوران مختلف مجرمانہ مقدمات میں طویل عرصے سے مفرور پانچ اشتہاری ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق یہ افراد کافی عرصے سے گرفتاری سے بچ رہے تھے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اشتہاری ملزمان کے خلاف ایک بڑی مہم کے تحت تھانہ سرنکوٹ کی پولیس نے ایس ڈی پی او سرنکوٹ کی قریبی نگرانی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ مفرور ملزمان کو گرفتار کیا، جو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے اور کافی عرصے سے روپوش تھے۔
گرفتار شدگان کی شناخت بشارت حسین ولد محمد بشیر ساکن سانگلا، سرنکوٹ کے طور پر ہوئی ہے، جو ایف آئی آر نمبر 207/2018 کے تحت دفعات 452، 382، 148، 324، 325 اور 147 آر پی سی میں ملوث تھا اور 3 دسمبر 2024 کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
دیگر ملزمان میں محمد اقبال ولد محمد شریف، غلام احمد ولد باغ حسین، اور محمد شریف ولد فتح محمد (قوم گوجر)، ساکنان ہری، سرنکوٹ شامل ہیں۔ یہ افراد ایف آئی آر نمبر 284/2018 کے تحت دفعات 452، 147، 148، 324 اور 323 آر پی سی میں ملوث تھے اور 29 دسمبر 2018 کو اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔ایک اور ملزم محمد اکرم ولد عبداللہ ساکن سانگلا، سرنکوٹ ہے، جو ایف آئی آر نمبر 243/2012 کے تحت دفعات 341، 323 اور 324 آر پی سی میں ملوث تھا اور 30 مارچ 2017 کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ان ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ایچ او سرنکوٹ کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جبکہ مجموعی نگرانی ایس ڈی پی او سرنکوٹ کر رہے تھے۔ مصدقہ اطلاعات اور مسلسل کوششوں کے بعد پولیس نے کئی سالوں سے مفرور ان ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کر لیا۔گرفتار تمام ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے مجاز عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ضلع پولیس پونچھ نے قانون کی عملداری برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پونچھ پولیس کی بڑی کارروائی، مختلف مقدمات میں ملوث پانچ مفرور ملزمان گرفتار