عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف جاری ’’نشہ مُکت جموں و کشمیر ابھیان ‘‘ کے تحت سری نگر پولیس نے منشیات اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کی تقریباً 5 کروڑ روپے مالیت کی متعدد غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لی ہیں۔پولیس کے مطابق ایک اہم کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن صدر سری نگر میں درج ایف آئی آر نمبر 37/2024 زیر دفعات 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث لربل بیروہ بڈگام کے رہائشی بلال احمد شیخ ولد غلام احمد شیخ اور انیک احمد شیخ ولد نذیر احمد شیخ کی ایک منزلہ اور ایک دومنزلہ رہائشی عمارت کو ضبط کیا گیا۔ ان جائیدادوں کی مالیت بالترتیب تقریباً 30 لاکھ اور 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(F) کے تحت متعلقہ تحصیلدار اور مقامی معززین کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
ایک اور کارروائی میں پولیس اسٹیشن چھانہ پورہ میں درج ایف آئی آر نمبر 15/2023 زیر دفعہ 8/21 این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث منی کالونی چھانہ پورہ کے رہائشی صحیب فاروق خان ولد فاروق احمد خان کا دو منزلہ رہائشی مکان ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ یہ کارروائی دفعہ 68-F(1) این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت عمل میں لائی گئی۔
اسی طرح پولیس اسٹیشن صدر سری نگر میں درج ایف آئی آر نمبر 42/2026 زیر دفعات 8/21، 29 این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث جواہر نگر سری نگر کے رہائشی محسن ابراہیم نقاش ولد محمد ابراہیم نقاش کی تین منزلہ رہائشی عمارت بمعہ اٹاری ضبط کی گئی۔ اس جائیداد کی مالیت تقریباً ایک کروڑ روپے ہے۔ کارروائی نائب تحصیلدار رام باغ اور مقامی افراد کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
پولیس نے ایک اور بڑی کارروائی میں پولیس اسٹیشن راجباغ میں درج ایف آئی آر نمبر 18/2026 زیر دفعہ 8/21 این ڈی پی ایس ایکٹ میں ملوث کرسو راجباغ کے رہائشی فرحان منظور پنڈت ولد منظور پنڈت کا تین منزلہ مکان بھی ضبط کیا، جس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ادھر پولیس اسٹیشن کرن نگر نے ایف آئی آر نمبر 01/2025 زیر دفعات 8/21، 29 این ڈی پی ایس ایکٹ اور دفعہ 111 بی این ایس میں ملوث پٹو محلہ اجس بانڈی پورہ کے رہائشی فیاض احمد راتھر ولد فاروق احمد راتھر کے ڈبل اسٹوری مکان کو بھی قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ضبط کیا۔
علاوہ ازیں پولیس اسٹیشن بٹہ مالو میں درج ایف آئی آر نمبر 18/2022 زیر دفعات 8/21، 29، 27-A این ڈی پی ایس ایکٹ اور دفعات 468، 471، 473 آئی پی سی میں ملوث بخشی آباد بمنہ کے رہائشی عابد حسن ڈار ولد غلام حسن ڈار کی ڈبل اسٹوری رہائشی عمارت بھی ضبط کی گئی، جس کی مالیت تقریباً 1.7 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ضبط کی گئی جائیدادیں منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل شدہ آمدنی سے بنائی گئی تھیں۔ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت یہ کارروائیاں منشیات فروشوں کے مالیاتی نیٹ ورک کو توڑنے کی مہم کا حصہ ہیں۔
سری نگر پولیس نے واضح کیا ہے کہ منشیات فروشی یا اس سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی، جس میں غیر قانونی طور پر حاصل کردہ جائیدادوں کی ضبطی بھی شامل ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات فروشی یا نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق کسی بھی اطلاع کو قریبی پولیس اسٹیشن کے ساتھ شیئر کریں، جبکہ مخبروں کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔