عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے ضلع سوپور میں جموں وکشمیر پولس نے گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول میں حالیہ طلبہ احتجاج میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف جاری کارروائی کے سلسلے میں رات بھر کی چھاپہ ماری کے دوران مزید پانچ شرپسندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق ان افراد نے طلبہ کے پُرامن احتجاج میں گھس کر امن و امان کی صورتحال کو خراب کیا اور توڑ پھوڑ سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔
پولیس نے کہا کہ اس معاملے میں ملوث تمام افراد کے خلاف تیز اور ہدفی کارروائی جاری ہے۔ مزید 13 شرپسندوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور انہیں جلد از جلد گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپے اور تلاشی کی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک تمام ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں نہ لایا جائے۔پولیس نے واضح کیا کہ وہ کسی کو بھی حساس صورتحال کا فائدہ اٹھا کر عوامی امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ تمام ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
پولیس نے سوپور کے عوام کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے میں تعاون کو سراہا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ چوکنا رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد جاری رکھیں۔پولیس نے کہا کہ امن پسند شہریوں کے ساتھ مل کر وہ ضلع میں امن، سلامتی اور معمولات زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔واضح رہے کہ سوپور میں ایک اسکول لیکچرر پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد پرتشدد احتجاج شروع ہو گئے تھے، جس کے دوران توڑ پھوڑ بھی ہوئی اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔پولیس نے اب تک شناخت شدہ 25 افراد میں سے کئی کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ملزم استاد کو معطل کر دیا گیا ہے اور حالات کو قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔