عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/غیر قانونی کانکنی کے خلاف جاری مہم کے تحت جموں و کشمیر پولیس نے کھریو اور اونتی پورہ کے علاقوں میں معدنیات کی غیر قانونی کھدائی اور ترسیل میں ملوث 02 ایل اینڈ ٹی مشینیں، 01 جے سی بی اور 02 ٹپر ضبط کر لیے ہیں۔
جاری بیان کے مطابق، کھریومیں پولیس کی ایک ٹیم نے، ایس ایچ او کی قیادت میں، غیر قانونی کھدائی میں ملوث مذکورہ گاڑیوں کو ضبط کیا۔ اسی طرح اونتی پورہ میں پولیس اسٹیشن اونتی پورہ کی ٹیم نے، ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کی نگرانی میں، غیر قانونی کانکنی اور معدنیات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کھریو اور پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔
جموں و کشمیر پولیس نے قدرتی وسائل کے تحفظ اور غیر قانونی کانکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی اقدامات کی اطلاع دے کر تعاون کریں۔
کھریو اور اونتی پورہ میں غیر قانونی کانکنی کے خلاف پولیس کارروائی؛ مشینری اور گاڑیاں ضبط