عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بڈگام سے رکنِ اسمبلی آغا سید منتظر مہدی نے فلسطین کے حق میں اظہارِ یکجہتی کرنے والے نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔آغا سید منتظر نے اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو ایک باضابطہ مکتوب ارسال کیا، جس میں انہوں نے ان معاملات میں مداخلت کی اپیل کی، جنہیں انہوں نے پُرامن نوجوان سرگرمیوں سے متعلق قرار دیا۔
رکنِ اسمبلی نے کہا کہ یہ ایف آئی آرز ان نوجوانوں کے خلاف درج کی گئیں جنہوں نے فلسطین سے متعلق انسانی ہمدردی کے جذبات کا اظہار کیا تھا، اور ایسے اقدامات کو مجرمانہ فعل کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ نوجوان عوامی نظم و نسق کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہیں اور ان کے خلاف فوجداری کارروائی کے طویل المدتی سماجی اور نفسیاتی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
آغا سید منتظر نے کہا کہ کشمیر کے نوجوان تاریخی طور پر عالمی انسانی مسائل پر اپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں اور ایسے معاملات میں شمولیت کو جمہوری اور ہمدردانہ زاویے سے دیکھا جانا چاہیے، نہ کہ تعزیری انداز میں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آرز کی واپسی ایک مثبت پیغام دے گی اور انتظامیہ و نوجوانوں کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
رکنِ اسمبلی نے مزید کہا کہ خطے میں جمہوری اقدار اور سماجی ہم آہنگی کے تحفظ کے لیے مجرمانہ کارروائی کے بجائے مفاہمت اور مکالمہ ضروری ہے۔ انہوں نے مرکزی وزارتِ داخلہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان معاملات کا جائزہ لینے اور انصاف کے وسیع تر مفاد میں صوابدید کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ اسمبلی کی جاری کارروائی کے دوران نوجوانوں کی شمولیت اور شہری آزادیوں سے متعلق وسیع تر خدشات کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
آغا منتظر کا وزیر داخلہ امت شاہ کے نام مکتوب،نوجوانوں کے خلاف درج ایف آئی آرز واپس لینے کا مطالبہ