عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے گزشتہ برس پہلگام میں ہونے والے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ان کی قربانیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے دکھ کو کبھی فراموش نہیں کرے گا اور نہ ہی اس گھناونے جرم کے ذمہ داروں کو معاف کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بے گناہ جانوں کا یہ المناک نقصان آج بھی دلوں کو جھنجھوڑ دیتا ہے جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ کا غم پوری قوم کا مشترکہ غم ہے۔
سماجی رابطہ گاہ ایکس پر راہل گاندھی نے لکھا کہ جس طرح اس سانحے کے وقت پورا ملک ملی ٹینسی اور تشدد کے خلاف متحد تھا، اسی طرح آج بھی یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور آئندہ بھی اسی عزم کے ساتھ قائم رہے گا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت نفرت اور خوف پھیلانے والی قوتوں کے سامنے کبھی سرنگوں نہیں ہوگا بلکہ مزید مضبوطی، اتحاد اور عزم کے ساتھ ان کا مقابلہ کرے گا۔
پہلگام حملہ: راہل گاندھی نے شہداء کو پیش کیا خراجِ عقیدت، کہا پوری قوم ملی ٹینسی کے خلاف متحد