عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/ضلع کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں بدھ کی شام سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ ابتدائی فائرنگ میں ایک ملی ٹینٹ کو مارا گیا جس کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق بدھ کی شام تقریباً 5 بجکر 45 منٹ پر چھاترو علاقے میں فرار ملی ٹینٹوں کے ساتھ دوبارہ تصادم اس وقت قائم ہوا جب مشترکہ سیکورٹی دستے گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں میں سرچ آپریشن کو مزید تیز کر رہے تھے۔ فوج کی وائٹ نائٹ کور نے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا:م’کشتواڑ میں ملی ٹینٹوں کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران کئی مقامات پر رابطہ قائم ہوا ہے۔ گھنے جنگلات اور انتہائی مشکل زمینی حالات کے باوجود آج دوبارہ ملی ٹینٹوں کے ایک گروہ کے ساتھ آمنا سامنا ہوا جس دوران ایک ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا ہے۔ گھنے جنگلات میں آپریشن جاری ہے۔‘
اس سے قبل منگل کی شام علاقے میں 2 پیرا اسپیشل فورسز اور 17 آر آر سمیت مختلف سیکورٹی اداروں نے ایک بڑا مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا تھا، کیونکہ اطلاعات تھیں کہ ملی ٹینٹوں کا ایک گروہ جنگل میں روپوش ہے اور فرار ہونے کی کوشش کر سکتا ہے۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ اس پورے علاقے میں مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، اور اسی وجہ سے محاصرہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز نے مقامی آبادی سے اپیل کی ہے کہ آپریشن مکمل ہونے تک محفوظ فاصلے پر رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوراً اطلاع دیں۔
واضح رہے کہ کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں گزشتہ تین ہفتوں سے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے اور فورسز نے وسیع و عریض جنگلی علاقے کو پوری طرح سے سیل کیا ہوا ہے جبکہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جنگلی علاقے پر نظر گزر رکھی جارہی ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے۔
کشتواڑ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ایک ملی ٹینٹ جاں بحق، آپریشن ہنوز جاری