عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کی معروف اور مقبول ماہرِ امراضِ نسواں و زچہ و بچہ، ڈاکٹر (پروفیسر) فرحت حمید انتقال کر گئیں۔ پروفیسر فرحت حمید گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) سری نگر میں ایک باوقار استاد، رہنما اور ماہر ڈاکٹر کے طور پر جانی جاتی تھیں۔انہوں نے اپنے طویل کیریئر کے دوران جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت نہایت خلوص، ہمدردی اور لگن کے ساتھ کی۔ ان کے انتقال پر پوری طبی براداری میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔
جی ایم سی سری نگر سے سبکدوشی کے بعد بھی پروفیسر فرحت حمید نے بربر شاہ، سری نگر میں اپنے نجی کلینک میں مریضوں کی خدمت جاری رکھی۔ انہوں نے خواتین کی صحت کے شعبے میں برسوں تک خصوصی خدمات انجام دیں اور اپنے شفیق، مؤثر اور انسان دوست طرزعلاج کی وجہ سے مریضوں میں بے حد مقبول رہیں۔
مرحومہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے، جی ایم سی سری نگر میں شعبۂ امراضِ نسواں و زچہ و بچہ کی سابق سربراہ پروفیسر شہناز تائنگ نے کہا،میں نے اپنی زندگی میں پروفیسر فرحت حمید جیسی عاجز، مہربان اور خیال رکھنے والی شخصیت نہیں دیکھی، جو نہ صرف ساتھیوں اور طلبہ بلکہ ہر اس شخص کے ساتھ محبت سے پیش آتی تھیں جس سے ان کا واسطہ پڑا۔انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
اسی طرح، جی ایم سی سری نگر میں شعبۂ جنرل سرجری کے سربراہ پروفیسر اقبال سلیم نے کہا کہ پروفیسر فرحت حمید ایک عوامی ماہرِ امراضِ نسواں تھیں، جنہوں نے اپنے مریض دوست رویے کے ساتھ بے شمار نئی زندگیاں اس دنیا میں لانے میں کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا،وہ ایک نرم گفتار، محنتی استاد تھیں جنہوں نے لاتعداد ڈاکٹروں اور ماہرین کی تربیت کی۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔آمین!
معروف ماہرِ امراضِ نسواں پروفیسر فرحت حمید کا انتقال،طبی برادری مغموم