عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ شری ماتا ویشنو دیوی مندر کے لیے مجوزہ روپ وے منصوبے کی منظوری میں وزرائے کونسل (کابینہ) کا کوئی کردار نہیں رہا۔قانون ساز اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریکارڈز کی جانچ کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کی کابینہ نے اس منصوبے کی منظوری نہیں دی۔انہوں نے کہاایک رکن نے یہ کہا تھا کہ کابینہ نے روپ وے منصوبے کی منظوری دی ہے۔ میں نے ریکارڈ دیکھے اور پایا کہ کابینہ نے اس کی منظوری نہیں دی۔ یہ ایڈمنسٹریٹو کونسل کا فیصلہ بھی نہیں ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ ستمبر 2024 میں منتخب حکومت کی تشکیل سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے منظور کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ایوان اور عوام دونوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔عمر عبداللہ نے کہا،کل ایک جذباتی لمحے میں ایک رکن نے استعفیٰ دینے کی دھمکی بھی دی تھی۔واضح رہے کہ ماتا ویشنو دیوی حلقے سے ایم ایل اے بلدیو راج شرما نے پیر کے روز ایوان میں دعویٰ کیا تھا کہ کابینہ نے اس منصوبے کی منظوری دی ہے اور اگر ان کا دعویٰ غلط ثابت ہوا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔
وَیشنو دیوی روپ وے منصوبے میں کابینہ کا کوئی کردار نہیں: وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ