عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے پیر کے روز کہا ہے کہ وادی میں پیٹرول، ڈیزل یا ایل پی جی کی کوئی کمی نہیں ہے اور وافر مقدار میں ذخیرہ دستیاب ہے جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھریلو ایل پی جی کی سپلائی پوری وادی میں معمول کے مطابق جاری ہے اور اس وقت تقریباً 10 سے 15 دن کا ذخیرہ دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ذخیرہ کی پوزیشن متحرک رہتی ہے، لیکن فی الحال کسی قسم کی قلت نہیں ہے اور صوبائی و ضلعی سطح پر مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ سپلائی میں کوئی خلل نہ آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی بھی مستحکم ہے اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سرگرمیوں پر ضلعی سطح کی کمیٹیاں کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ ذخیرہ اندوزی، بلیک مارکیٹنگ یا زائد قیمت وصول کرنے جیسے معاملات کو روکا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی اور صوبائی سطح پر قائم کنٹرول رومز سپلائی اور تقسیم کے نظام کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ محکمہ خوراک و شہری رسد روزانہ کی بنیاد پر مرکزی رپورٹ تیار کر رہا ہے جس کا باقاعدہ جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ایل پی جی کی ترسیل میں تاخیر سے متعلق شکایات پر انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات کو ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے کیس ٹو کیس بنیاد پر حل کر رہے ہیں اور زمینی سطح پر ٹیمیں بروقت فراہمی کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں۔
کمشنرموصوف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری اطلاعات پر بھروسہ کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے اور بلا تعطل سپلائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ایران میں پھنسے جموں و کشمیر کے طلبہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اور یو ٹی انتظامیہ ان کی محفوظ واپسی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ہیلپ لائنز قائم کی گئی ہیں اور والدین سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہند سے موصول ہونے والی ہر تازہ معلومات اہل خانہ تک پہنچائی جا رہی ہے اور وزیر اعلیٰ نے بھی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام طلبہ جلد اور بحفاظت واپس لوٹ آئیں گے۔
کشمیر میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں، 15 دن کا ذخیرہ دستیاب: انشول گرگ