عاصف بٹ
کشتواڑ/ضلع کشتواڑ میں گزشتہ شب پیش آنے والی ایک ہولناک آتشزدگی کی واردات میں میونسپل کمیٹی کا ایک دفتر اور دو رہائشی مکانات مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے جبکہ آس پاس کے متعدد مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق رات گئے قریب بارہ بجے قصبہ کے ایک گنجان آباد علاقے میں قائم میونسپل کمیٹی کے دفتر سے اچانک آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی اور اس نے قریبی دو رہائشی مکانات کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی کئی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور مقامی لوگوں، پولیس اور رضاکار تنظیموں کی مدد سے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی گئی۔
فائر بریگیڈ عملے اور مقامی افراد کی کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ تاہم اس دوران میونسپل کمیٹی کا دفتر اور دو رہائشی مکانات مکمل طور پر تباہ ہو چکے تھے جبکہ قریبی متعدد مکانات کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر آگ پر بروقت قابو نہ پایا جاتا تو یہ مزید گھروں تک پھیل سکتی تھی کیونکہ یہ علاقہ کافی گنجان آباد ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے اور قریبی گھروں کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم لاکھوں روپے مالیت کی املاک، سرکاری ریکارڈ اور گھریلو سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔
دریں اثنا پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ سازش کے تحت بھی لگائی گئی ہو سکتی ہے۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر امداد فراہم کی جائے اور نقصانات کا جائزہ لے کر مناسب معاوضہ دیا جائے۔ عوام نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے تاکہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ممکن بنائی جا سکیں۔
کشتواڑ میں شبانہ آتشزدگی ،میونسپل کمیٹی دفتر اور دو رہائشی مکانات خاکستر