عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کو سرینگر اور شوپیاں اضلاع میں کئی مقامات پر چھاپے مارے، جن میں دارالعلوم سراج العلوم مدرسہ بھی شامل ہے، جسے گزشتہ ماہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے غیر قانونی ادارہ قرار دیا تھا۔حکام نے بتایا کہ این آئی اے کی ٹیموں نے شوپیاں کے امام صاحب علاقے میں واقع مدرسے میں علی الصبح تلاشی مہم چلائی۔ گزشتہ ماہ، جموں و کشمیر انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے سب سے بڑے مدرسوں میں سے ایک، سراج العلوم کو غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت غیر قانونی ادارہ قرار دے دیا تھا۔
انتظامیہ نے الزام لگایا تھا کہ مدرسے کا کالعدم جماعت اسلامی (جے ای ایل) سے ’’خفیہ تعلق‘‘ہے، ساتھ ہی ’’سنگین قانونی، انتظامی اور مالی بے ضابطگیاں‘‘ہیں اور یہ ’’شدت پسندی کو فروغ دینے والا ماحول‘‘پیدا کر رہا ہے۔
یہ مدرسہ جموں و کشمیر میں یو اے پی اے کے تحت غیر قانونی قرار دیا جانے والا پہلا مذہبی تعلیمی ادارہ بن گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ این آئی اے نے سرینگر میں بھی ایک مقام پر تلاشی لی، تاہم اس مہم کی تفصیلات اور اس سے جڑے معاملے کی معلومات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔اس رپورٹ کے لکھے جانے تک این آئی اے کی جانب سے تلاشی کے سلسلے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔
جنوبی کشمیر میں سراج العلوم مدرسے پر این آئی اے کے چھاپے