عظمیٰ ویب ڈیسک
بڈگام/وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک عدالت نے غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت امریکہ میں مقیم کشمیری علیحدگی پسند لیڈر غلام نبی شاہ المعروف ڈاکٹر فائی کی غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
حکم نامے میں عدالت نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ضلع کے واڈون اور چاٹہ بگ نامی دیہات میں فوری طور پر اراضی کو اٹیچ کریں۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بڈگام کو حکم پر عمل درآمد کرنے کو یقینی بنانے کے لیے ضروری مدد فراہم کرنے کو کہا گیا ہے۔
حکمنامے کی رو سے اٹیچمنٹ کا حکم UAPA کی دفعہ 10، 13 اور 39 کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج ایف آئی آر نمبر 46/2020 میں دیا گیا تھا۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ’’اشتہاری نوٹس جاری کرنے کے باوجود ملزم تفتیشی ایجنسی کے سامنے پیش نہ ہونے پر یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔‘‘
عدالت نے نوٹ کیا کہ ڈاکٹر فائی کو 26 اپریل 2025 کو ’’جان بوجھ کر قانونی عمل اور گرفتاری سے بچنے‘‘ کے لیے اشتہاری مفرور قرار دیا گیا تھا۔ استغاثہ نے تفتیشی آفیسر کے توسط سے ملزم کی جائیداد کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 83، اب بی این ایس کی دفعہ 85 کے تحت منسلک کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔