محمد تسکین
بانہال/جموں و کشمیر میں سڑک رابطہ نظام کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) نے مجوزہ کٹرہ–ریاسی–مہور–گلاب گڑھ–نندی مرگ–کولگام فور لین شاہراہ منصوبے کیلئے ڈیٹیلڈ پروجیکٹ رپورٹ (DPR) تیار کرنے کی غرض سے کنسلٹنسی خدمات کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
یہ مجوزہ شاہراہ جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کو قومی شاہراہ نمبر 44 سے جوڑنے کا اہم منصوبہ تصور کیا جا رہا ہے۔ حکومت ہند کے ای-پروکیورمنٹ پورٹل پر جاری ٹینڈر کے مطابق منصوبہ اس وقت ابتدائی منصوبہ بندی اور فزیبلٹی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
مجوزہ فور لین شاہراہ کٹرہ، ریاسی، مہور، گلاب گڑھ، نندی مرگ اور کولگام جیسے اہم اور دشوار گزار علاقوں سے گزرے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے جموں خطے اور جنوبی کشمیر کے درمیان رابطے میں نمایاں بہتری آنے اور سفر کا دورانیہ کم ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
این ایچ اے آئی کے علاقائی دفتر جموں کی جانب سے یہ ٹینڈر حوالہ نمبر JKDIV/14/2025-NHAI-RO Jammu/E 290669 کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق آن لائن ٹینڈر جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 جون 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ تکنیکی بولیاں 23 جون 2026 کو کھولی جائیں گی۔
حکام کے مطابق ڈی پی آر تیار کرنے والی کنسلٹنسی کمپنی سڑک کے مجوزہ روٹ، ٹنلز اور پلوں کی ضرورت، اراضی حصول، ماحولیاتی اثرات، ٹریفک کے تخمینے اور منصوبے کی مجموعی لاگت سمیت مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گی۔ ان تمام مراحل کی تکمیل کے بعد ہی منصوبے کی حتمی منظوری اور تعمیراتی عمل پر پیش رفت ممکن ہوگی۔
کٹرہ تا کولگام فور لین شاہراہ منصوبہ: این ایچ اے آئی نے ڈی پی آر کیلئے ٹینڈر جاری کر دیا