عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر اہم اعلان کرتے ہوئے NEET (UG) 2026 کا 3 مئی کو منعقدہ امتحان منسوخ کر دیا ہے اور اسے دوبارہ کرانے کا فیصلہ لیا ہے۔ نئی تاریخوں کا اعلان جلد سرکاری طور پر کیا جائے گا۔ایجنسی کے مطابق، 8 مئی 2026 کو زیرِ غور معاملات کو آزادانہ جانچ اور ضروری کارروائی کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے سپرد کیا گیا تھا تاکہ قومی امتحانات کے شفاف، محفوظ اور قابلِ اعتماد انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایجنسی نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر حاصل شدہ معلومات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تحقیقاتی رپورٹوں کی بنیاد پر یہ واضح ہوا کہ موجودہ امتحانی عمل کو برقرار رکھنا مناسب نہیں ہوگا۔ حکومتِ ہند کی منظوری سے فیصلہ کیا گیا کہ امتحان کو منسوخ کرکے دوبارہ منعقد کیا جائے تاکہ نظام میں شفافیت برقرار رہے۔حکومتِ ہند نے اس معاملے کی جامع تحقیقات کے لیے اسے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (CBI) کے حوالے کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ سی بی آئی کو مکمل تعاون فراہم کرے گی اور تمام ضروری ریکارڈ اور مواد دستیاب کرائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ طلبہ کے مفاد اور قومی امتحانی نظام پر عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے لیا گیا ہے۔ ایجنسی نے تسلیم کیا کہ دوبارہ امتحان کے انعقاد سے امیدواروں اور ان کے اہلِ خانہ کو نمایاں دشواری کا سامنا کرنا پڑے گا، تاہم ادارے کے مطابق اگر یہ قدم نہ اٹھایا جاتا تو اعتماد کو زیادہ اور دیرپا نقصان پہنچتا۔
ایجنسی نے واضح کیا کہ مئی 2026 کے امتحانی سائیکل میں موجود رجسٹریشن ڈیٹا، امیدواروں کی تفصیلات اور منتخب امتحانی مراکز کو دوبارہ امتحان کے لیے برقرار رکھا جائے گا۔ کسی نئی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی اور نہ ہی کوئی اضافی امتحانی فیس وصول کی جائے گی۔ مزید یہ کہ پہلے سے جمع شدہ فیس بھی طلبہ کو واپس کی جائے گی جبکہ امتحان این ٹی اے کے اپنے داخلی وسائل سے دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔ایجنسی نے طلبہ اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف ادارے کے سرکاری ذرائع سے جاری اطلاعات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔
نیٹ (یو جی) 2026امتحان منسوخ، دوبارہ انعقاد کا اعلان؛ معاملہ سی بی آئی کے سپرد