عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ/سینئر کانگریس لیڈر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری غلام احمد میر نے جمعرات کو کہا کہ اتحادی جماعت نیشنل کانفرنس کو چاہیے کہ وہ جموں و کشمیر سے متعلق معاملات پر وقتاً فوقتاً کانگریس کو اعتماد میں لے۔
اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ اہم معاملات پر کانگریس کی مرکزی قیادت سے بھی مشاورت ہونی چاہیے، تاہم موجودہ صورتحال میں اس پہلو کی کمی محسوس کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتحاد میں سب سے بڑی قیادت اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو چاہیے کہ وہ رابطوں کے فقدان کو دور کرنے کے لیے پہل کریں۔
غلام احمد میر نے مزید کہا کہ کانگریس کا وسیع نظریہ ہمیشہ ملک بھر میں سیکولر قوتوں کو مضبوط کرنا اور فرقہ وارانہ سیاست کا مقابلہ کرنا رہا ہے، تاہم پارٹی کی سیکولر سیاست کو اس کی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ملک بھر میں سیکولر سیاست کو مضبوط بنانے کے مقصد سے چھوٹی اور علاقائی جماعتوں کے ساتھ تال میل اور اتحاد قائم کیا ہے۔
میر نے کہا کہ پارٹی کے رویے کو کمزوری سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا تاثر نہیں جانا چاہیے کہ صرف کانگریس ہی اقدامات کرتی رہے جبکہ دیگر جماعتیں صرف فائدہ اٹھاتی رہیں۔
نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر کے معاملات پر کانگریس کو اعتماد میں لے: غلام احمد میر