عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/ نیشنل کانفرنس نے منگل کو پی ڈی پی پر الزام عائد کیا کہ وہ راجیہ سبھا انتخابات میں مبینہ”مجرمانہ سودے بازی“پر جواب دہی سے بچنے کیلئے جعلی بیانیہ تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں، نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ پی ڈی پی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس کی وفاداری اب بھی بی جے پی کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا،پی ڈی پی کے نابالغ سوچ رکھنے والے ایم ایل اے اور اس کا گروہ راجیہ سبھا انتخابات میں اپنی غداری پر جواب دینے کے بجائے جھوٹے بیانیے گھڑنے میں مصروف ہیں۔ اسے صرف ایک نشست قرار دینا جموں و کشمیر کے عوام کی توہین ہے۔ یہ نشست وفاداری کا امتحان تھی، اور پی ڈی پی نے دکھا دیا کہ اس کی وابستگی کہاں ہے؟
عمران نبی ڈار نے مزید کہا کہ عوام پی ڈی پی سے راجیہ سبھا انتخابات میں اس کے کردار پر جواب چاہتے ہیں اور توجہ ہٹانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
انہوں نے کہا، آپ کے توجہ ہٹانے کے حربے کامیاب نہیں ہوں گے۔ جموں و کشمیر کے لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ راجیہ سبھا انتخابات میں آپ نے ایسا کیوں کیا۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے حق اطلاعات قانون 2005 کے تحت دی گئی معلومات کے مطابق، پی ڈی پی نے اپنے مجاز نمائندے مقرر نہیں کیے تھے تاکہ یہ تصدیق ہو سکے کہ اس کے اراکین اسمبلی نے کس کے حق میں ووٹ دیا۔ راجیہ سبھا الیکشن کھلے بیلٹ کے ذریعے منعقد ہوتے ہیں، جہاں سیاسی جماعتوں کے مجاز نمائندے اپنے اراکین اسمبلی کے ووٹ کی تصدیق کرتے ہیں۔
پی ڈی پی جعلی بیانیہ گھڑ کر راجیہ سبھا غداری چھپانے کی کوشش کر رہی ہے: عمران نبی ڈار