عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے ترجمان اعلیٰ انعام النبی نے اتوار کے روز کہا کہ بارہمولہ سے قید میں بند رکنِ پارلیمان انجینئر رشید نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک تفصیلی خط لکھ کر جموں و کشمیر میں ریزرویشن کے طویل عرصے سے زیرِ التوا مسئلے کے حل کے لیے ایک ٹھوس اور معقول تجویز پیش کی ہے۔
ایک بیان میں انعام النبی نے کہا کہ اپنے خط میں انجینئر رشید نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ جموں و کشمیر میں موجودہ ریزرویشن نظام نے عوام میں بے چینی اور عدم اطمینان کو جنم دیا ہے، کیونکہ یہ آبادی کے تناسب اور علاقائی تقسیم کی درست عکاسی نہیں کرتا۔ ان کے مطابق عوامی حلقوں میں یہ احساس پایا جاتا ہے کہ موجودہ ماڈل کا منصفانہ اور شفاف ازسرِنو جائزہ لیا جانا ضروری ہے تاکہ عوامی اعتماد بحال ہو سکے۔
انعام النبی نے بتایا کہ رکن پارلیمان انجینئر رشید نے آبادی کی بنیاد پر ریزرویشن فریم ورک کی پرزور وکالت کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ جموں و کشمیر میں ریزرویشن کا تعین ضلع، ڈویژن اور یوٹی سطح پر ہر کمیونٹی کی آبادی کے مطابق ہونا چاہیے۔ انجینئر رشید کے مطابق ایسا نظام اوپن میرٹ/جنرل کیٹیگری کے امیدواروں اور دور دراز، پسماندہ علاقوں جیسے ایس ٹی-1 اور ایس ٹی-2 خطوں میں رہنے والے لوگوں سمیت تمام طبقات کی منصفانہ نمائندگی کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے لکھا کہ آبادیاتی حقائق پر مبنی فریم ورک دیرینہ شکایات کے ازالے اور ہر انتظامی سطح پر سماجی ساخت کے مطابق مواقع کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا۔
انعام النبی نے مزید کہا کہ مقید رکنِ پارلیمان نے وزیر داخلہ سے ا روزگار سے متعلق بھی ایک اہم اپیل بھی کی ہے، جس میں ملک بھر کی نیم فوجی فورسز میں بھرتیوں کے دوران جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے دو فیصد ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انجینئر رشید کا مؤقف ہے کہ اس طرح کی خصوصی رعایت نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار کا ایک اہم ذریعہ فراہم کرے گی اور ان کی توانائیوں کو مثبت سمت میں استعمال کرنے میں مدد دے گی۔
انعام النبی کے مطابق انجینئر رشید نے وزیر داخلہ سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے تاکہ آبادی کے لحاظ سے حساس ریزرویشن ماڈل کے ذریعے موجودہ نظام پر نظرِثانی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا قدم جموں و کشمیر کے نوجوانوں اور محروم طبقات میں وضاحت، انصاف اور نئے اعتماد کو فروغ دے گا۔ انعام النبی نے کہا کہ پارٹی کا ماننا ہے کہ انجینئر رشید کی تجاویز آئینی، متوازن اور عملی روڈ میپ فراہم کرتی ہیں، اور اے آئی پی ایک منصفانہ، شفاف اور جامع پالیسی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی جو میرٹ اور سماجی انصاف دونوں کا تحفظ کرے۔
انجینئر رشید کی جموں و کشمیر میں آبادی کی بنیاد پر ریزرویشن کی تجویز، وزیر داخلہ امت شاہ کے نام مکتوب