عظمیٰ ویب ڈیسک
پلوامہ/پلوامہ کے چٹہ پورہ کراسنگ کے قریب بدھ کے روز ایک شخص کی نعش پُراسرار حالات میں لٹکی ہوئی برآمد ہوئی، جس سے علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق متوفی کی شناخت شاہنواز منظور بٹ بعمر33 برس، ساکن زاسوہ گاؤں پلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔
متوفی وہ گزشتہ روز سے لاپتہ تھا اور منگل کی دوپہر اس کے اہلِ خانہ نے اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی، جس کے بعد متوفی مذکور تلاش جاری تھی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی انجام دی گئی۔ بعد ازاں نعش کو تحویل میں لے کر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں وجۂ موت کا تعین کرنے کے لیے پوسٹ مارٹم سمیت دیگر قانونی کارروائیاں مکمل کی جائیں گی۔پولیس عہدیدار نے بتایا کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے اور متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر تکنیکی شواہد واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
پلوامہ میں لاپتہ شخص کی نعش چٹہ پورہ کراسنگ پر برآمد