عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ایک اہم پیش رفت میںمیرواعظ عمر فاروق نے جمعرات کی شام اپنے تصدیق شدہ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ’’چیئرمین، آل پارٹیز حریت کانفرنس‘‘کا عہدہ ہٹا دیا۔میرواعظ عمر فاروق کے ایکس بایو سے یہ عنوان ہٹائے جانے کا انکشاف گزشتہ شام سوشل میڈیا پر ہونے والی چہ میگوئیوں کے ذریعے ہوا۔جمعہ کی صبح ایک پوسٹ میں، میرواعظ نے بتایا کہ حکام کی جانب سے اُن پر اپنے سوشل میڈیا پروفائل میں تبدیلیاں کرنے کا دباؤ ڈالا جا رہا تھا، کیونکہ حریت کانفرنس کی تمام اتحادی جماعتیں، بشمول عوامی ایکشن کمیٹی (اے اے سی) جس کی وہ سربراہی کرتے ہیں، غیر قانونی سرگرمیاں (انسداد) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت پابندی عائد کیے جانے کے بعد کالعدم قرار دی جا چکی ہیں۔
انہوں نے لکھا، کچھ عرصے سے مجھ پر دباؤ تھا کہ میں اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل پر حریت چیئرمین کے طور پر موجود شناخت میں تبدیلی کروں، کیونکہ حریت کانفرنس کی تمام اتحادی جماعتیں، بشمول عوامی ایکشن کمیٹی جس کی میں سربراہی کرتا ہوں، یو اے پی اے کے تحت ممنوع قرار دی جا چکی ہیں، جس سے حریت ایک کالعدم تنظیم بن گئی ہے۔ بصورت دیگر، میرے ہینڈل کو بند کرنے کی دھمکی دی جا رہی تھی۔میرواعظ نے کہا کہ ایکس پلیٹ فارم اُن چند ذرائع میں سے ہے جن کے ذریعے وہ اپنے لوگوں تک پہنچ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاایسے وقت میں جب عوامی فضا اور اظہار رائے کے مواقع سختی سے محدود ہیں، یہ پلیٹ فارم اُن چند ذرائع میں شامل ہے جن کے ذریعے میں اپنے لوگوں تک پہنچ کر اپنے خیالات اور مسائل شیئر کر سکتا ہوں، اور انہیں بیرونی دنیا تک پہنچا سکتا ہوں۔ ان حالات میں میرے پاس یہی ایک ذریعہ باقی رہ گیا ہے جس کے ذریعے میں اپنے خیالات دنیا کے سامنے پیش کرسکتا ہوں ۔میرواعظ کا یہ قدم کشمیر میں علیحدگی پسندوں کے اثر و رسوخ میں کمی کی عکاسی کرتا ہے، جو ایک وقت میں خطے کی سیاست پر غالب تھے اور فیصلے کیا کرتے تھے۔
میرواعظ عمر فاروق نے ایکس پروفائل سے حریت چیئرمین کا عہدہ ہٹا دیا