عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// جموں خطے میں ملی ٹینٹ حملوں کے حالیہ واقعات پر کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے بدھ کو کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملی ٹینٹوں نے اب جموں پر توجہ مرکوز کرنا شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ برسوں سے، ملی ٹینٹ وادی کشمیر میں اپنی کاروائیوں کو انجام دیتے رہے۔ بڑی مشکل اور ہمت کے ساتھ، انہیں قابو میں لایا گیا… ایسا لگتا ہے کہ اب انہوں نے جموں پر توجہ مرکوز کرنا شروع کر دی ہے”۔
سنگھ نے مزید مشورہ دیا کہ فوج کے جموں صوبہ کو مغربی کمان سے نگروٹا میں واقع شمالی کمان کے ساتھ دوبارہ جوڑ کر ایک واحد یونٹ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے 6 مہینوں میں اپنے کئی جوانوں اور لوگوں کو کھو دیا ہے… یہ ایک بہت سنگین معاملہ ہے… اس کا مطلب ہے کہ انتظامیہ کا صورتحال پر مکمل کنٹرول نہیں ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے…میری ایک تجویز ہے: فوج کا جموں ڈویژن ہمیشہ ادھم پور کے ساتھ- شمالی کمان کے ساتھ رہا ہے۔ کچھ سال پہلے، اسے الگ کر کے مغربی کمان سے منسلک کر دیا گیا تھا، جو جموں سے کافی دور ہے… میں کوئی ماہر نہیں ہوں لیکن مجھے لگتا ہے کہ اگر اسے دوبارہ نگروٹا لایا جاتا ہے، تو یہ ایک ہی یونٹ ہو جائے گا”۔