عظمیٰ ویب ڈیسک
ڈوڈہ/عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی مہراج ملک نے رہائی کے بعد ایک مضبوط پیغام دیتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاست میں قدم رکھیں، کیونکہ بہتر مستقبل کی تعمیر اور حکمرانی میں اصلاحات کے لیے ان کی شمولیت ناگزیر ہے۔
مہراج ملک نے کہا کہ ملک کا تعلیم یافتہ طبقہ سیاسی نظام میں جوابدہی، شفافیت اور نئی سوچ لا سکتا ہے، جبکہ موجودہ نظام واضح سمت سے محروم دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اسے بڑھتی ہوئی بے روزگاری سے جوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک روزگار کے مسائل حل نہیں کیے جائیں گے، اس سنگین مسئلے پر قابو پانا ممکن نہیں۔
انہوں نے حکمرانی اور عدالتی نظام کے بعض مسائل پر بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ کئی قیدی اپنی عدالتی پیشیوں سے لاعلم رہتے ہیں، جبکہ ان کے اہل خانہ کو بھی ملاقات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مہراج ملک نے کہا کہ جو لوگ نیک نیتی کے ساتھ سیاست میں آتے ہیں، انہیں اکثر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے مایوسی اور بددلی پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں سرگرم حصہ لیں اور اپنے حقوق کے لیے اجتماعی آواز بلند کریں، کیونکہ بامعنی تبدیلی عوامی شرکت کے بغیر ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا،زندگی مختصر ہے، عوامی خدمت ایمانداری اور مقصد کے ساتھ ہونی چاہیے۔ ہمیں غریبوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے اور عوام کی آواز بلند کرنی ہے۔
تعلیم یافتہ نوجوانوں سیاست میں قدم رکھیں : مہراج ملک