عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/حکومت نے جمعہ کے روز ایوان کو آگاہ کیا کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس انٹرنز کے وظیفے میں اضافے کی تجویز اس وقت محکمہ خزانہ میں زیر غور ہے۔ایم ایل اے حسنین مسعودی کے سوال کے جواب میں محکمہ صحت و طبی تعلیم نےبتایا کہ سرکاری حکم نامہ نمبر 538-JKHMEآف 2023 کے تحت تشکیل دی گئی ایک کمیٹی نے موجودہ ماہانہ وظیفہ 12,300 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کرنے کی سفارش کی تھی۔
حکومت نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کا محکمہ میں جائزہ لینے کے بعد انہیں منظوری کے لیے محکمہ خزانہ کو ارسال کیا گیا۔ مزید بتایا گیا کہ محکمہ خزانہ نے مختلف مواقع پر وضاحتیں طلب کیں اور بعض مشاہدات بھی پیش کیے۔جواب کے مطابق یہ مشاہدات متعلقہ سرکاری میڈیکل کالجوں (جی ایم سیز) کو ارسال کیے گئے، جنہوں نے وقتاً فوقتاً مطلوبہ معلومات فراہم کیں۔ موصولہ تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد معاملہ دوبارہ غور و خوض کے لیے محکمہ خزانہ کو بھیج دیا گیا ہے۔حکومت نے مزید واضح کیا کہ باضابطہ احکامات کے اجرا میں کوئی غیر ضروری تاخیر نہیں ہو رہی اور محکمہ ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس انٹرنز کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔
ایم بی بی ایس/بی ڈی ایس انٹرنز کے وظیفے میں اضافہ زیر غور: حکومت