عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں پاکستانی ڈرون کی سرحد پار دراندازی کے بعد سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کے روز کئی سرحدی دیہات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔حکام کے مطابق جمعہ کی دیر رات رام گڑھ سیکٹر کے دیہات کاندھل، ابتل اور بہادرپورکے اوپر چند منٹ تک دشمن ڈرون کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ ڈرون کے نظر آنے کے بعد علاقے کو سخت نگرانی میں رکھا گیا۔حکام نے بتایا کہ صبح ہوتے ہی سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اسلحہ یا منشیات نہ گرائی گئی ہو۔
ادھر گزشتہ دو دنوں کے دوران آر ایس پورہ سیکٹرکے سرحدی دیہات میں ڈرون کے ذریعے گرائے گئے کنسائنمنٹس سے سیکیورٹی فورسز نے تقریباً ساڑھے تین کلو ہیروئن برآمد کی ہے، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمت 20 کروڑ روپے سے زائدبتائی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق آر ایس پورہ سیکٹر میں تازہ برآمدگی کے سلسلے میں جمعہ کے روز دو مشتبہ منشیات اسمگلروںکو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
ضلع سانبہ میں پاکستانی ڈرون کی دراندازی کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع