عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر میں پولیس نے اے ٹی ایم کارڈ تبدیل کرنے والے فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو کامیابی سے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے بیان کے مطابق، 12 فروری کو پولیس پوسٹ بگیاس کو ایک خاتون، شاہینہ زوجہ ظہور احمد ناجر، ساکنہ کپواڑہ، کی تحریری شکایت موصول ہوئی۔ شکایت میں کہا گیا کہ وہ اپنی بیٹی کے ساتھ ڈینٹل کالج، شیرین باغ، میں دانتوں کے معائنے کے لیے آئی تھیں۔ اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت، وہاں موجود ایک نامعلوم شخص نے دھوکے سے ان کا اے ٹی ایم کارڈ بدل دیا اور بعد میں ان کے اکاؤنٹ سے 40,000 روپے نکال لیے۔
پولیس فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن صفا کدل میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 14/2025 درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا ۔بدوران تفتیش ، انتھک محنت، تکنیکی شواہد اور اے ٹی ایم کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیے کے بعد، ملزم کی شناخت برہان راہ ولد غلام محی الدین راہ، ساکن بونپورہ، نوگام کے طور پر ہوئی۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے قبضے سے متعدد اے ٹی ایم کارڈ برآمد کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ملزم کی دیگر فراڈ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا پتہ لگایا جا سکے۔ مزید برآمدگی کی توقع بھی کی جا رہی ہے۔
اس موقعہ پر پولیس نے معزز شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ معاشرے میں موجود سماج دشمن عناصر کے بارے میں معلومات فراہم کریں تاکہ ایک بہتر معاشرہ اور نوجوانوں کا اچھا مستقبل تشکیل دیا جا سکے،پولیس نے کہا جموں و کشمیر پولیس سماجی جرائم کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔
سرینگر میں اے ٹی ایم فراڈ کیس میں ملوث شخص گرفتار: پولیس
