عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے ہفتہ کے روز بتایا کہ اس نے بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر ایک نوجوان سے لاکھوں روپے ہتھیانے کے الزام میں پٹن کے ایک رہائشی کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔ متاثرہ نوجوان کو کمبوڈیا میں ماہانہ 90 ہزار روپےتنخواہ والی ملازمت کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم وہاں پہنچنے پر اسے آن لائن فراڈ کے کام میں زبردستی لگایا گیا۔جاری ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کشمیر، کرائم برانچ جموں و کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 19/2026زیر دفعہ 318(4) بھارتیہ نیایا سنہیتا (BNS)کے تحت محمد یٰسین راتھر ولد نثار احمد راتھر، ساکن کریپل پورہ پائیں، پٹن کے خلاف جوڈیشل مجسٹریٹ درجہ اول کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔
ترجمان کے مطابق تحقیقات کا آغاز ایک شکایت کی بنیاد پر کیا گیا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کو کمبوڈیا میں کمپیوٹر آپریٹر کی ملازمت دلانے اور ماہانہ 90 ہزار روپےتنخواہ دینے کا جھوٹا وعدہ کیا۔ اس یقین دہانی پر متاثرہ شخص نے ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں لاکھوں روپے منتقل کیے، جبکہ ویزا، سفری اخراجات اور دیگر ضروری کارروائیوں پر بھی بڑی رقم خرچ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ شخص جب کمبوڈیا پہنچا تو اسے وعدہ شدہ ملازمت دینے کے بجائے آن لائن فراڈ اور سائبر اسکیمنگ کی سرگرمیوں میں زبردستی ملوث کیا گیا۔ تحقیقات کے دوران شکایت میں لگائے گئے الزامات درست ثابت ہوئے، جس کے بعد مجاز عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی گئی۔
کمبوڈیا میں نوکری کا جھانسہ دے کر لاکھوں کی ٹھگی؛ ای او ڈبلیو کشمیر نے ملزم کے خلاف چارج شیٹ دائر کر دی