عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی) سری نگر سے پانچ کلومیٹر طویل ’’ریڈنگ میراتھن‘‘کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منشیات سے دور رہیں، مطالعے کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں اور ایک سرسبز، صحت مند اور ذمہ دار معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے طلبہ، اساتذہ، ماہرینِ تعلیم اور دیگر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریڈنگ میراتھن علم کے فروغ، جسمانی تندرستی اور ماحولیاتی ذمہ داری کا حسین امتزاج ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’یہ میراتھن علم حاصل کرنے کی ثقافت اور فطرت کے تئیں ہماری ذمہ داری کا خوبصورت سنگم ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر بھر سے سینکڑوں طلبہ کی پُرجوش شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ خطے کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں۔
منوج سنہا نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی)تعلیم کو صرف کلاس روم اور نصابی کتابوں تک محدود نہیں رکھتی بلکہ اس کا مقصد نوجوانوں کو عملی زندگی میں ذمہ دار شہری بنانا ہے۔انہوں نے کہا، تعلیم صرف کتابوں یا چار دیواری تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کا اظہار کھیل، سماجی سرگرمیوں، صحت مند طرزِ زندگی اور ذمہ دار شہری ہونے کی صورت میں ہونا چاہیے۔ان کے مطابق ریڈنگ میراتھن این ای پی کے وژن کی عملی مثال ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے چنار بک فیسٹیولکے موضوع Run for a Green Futureاور Say No to Drugs, Yes to Booksنعرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے جسمانی صحت، ذہنی نشوونما اور ماحولیاتی شعور کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مطالعہ انسان کی سوچ کو وسعت دیتا ہے اور تنقیدی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے، جبکہ دوڑ جسمانی طاقت، نظم و ضبط اور استقامت پیدا کرتی ہے۔ ان کے مطابق ماحولیات کا تحفظ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔
منوج سنہا نے کہا، کتابوں میں موسمیاتی تبدیلی یا صحت کے بارے میں پڑھنا آسان ہے، لیکن حقیقی تعلیم اس وقت ظاہر ہوتی ہے جب ہم ان تعلیمات پر عمل کرتے ہیں، چاہے وہ صحت کے لیے دوڑنا ہو، ماحولیات کا تحفظ ہو یا منشیات سے دور رہنا۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مثبت سماجی تبدیلی کے سفیر بنیں، مطالعے کو اپنی روزمرہ عادت بنائیں، ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کریں اور معاشرے کی خدمت کا جذبہ ہمیشہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہی اقدار ذمہ دار شہریوں کی تشکیل اور قوم کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔
کرگل وجے دیوس کے موقع پر، جو 26 جولائی کو منایا جائے گا، لیفٹیننٹ گورنر نے 1999 کی کرگل جنگ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نوجوانوں کو ان کی جرات، قربانی اور حب الوطنی سے سبق لینے کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی بہادر سپاہی، جن میں کیپٹن وکرم بترا، کیپٹن منوج کمار پانڈے اور کیپٹن انوج نیّر شامل ہیں، صرف 20 سے 25 برس کی عمر میں وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر گئے۔انہوں نے کہا، انہوں نے ہمیں ’قوم پہلے‘، نظم و ضبط، قیادت اور کبھی ہمت نہ ہارنے کا سبق دیا۔ یہ اقدار ہر نوجوان ہندوستانی کے لیے مشعلِ راہ ہونی چاہئیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ’’نیشنل بک ٹرسٹ‘‘کے ڈائریکٹر یوراج ملک اور ان کی ٹیم کی بھی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہزاروں نوجوانوں کو مطالعے کے فروغ، صحت مند طرزِ زندگی اور سماجی بیداری کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔
نوجوان منشیات سے دور رہیں ، مطالعے کو اپنی روز مرہ زندگی کا حصہ بنائیں : منوج سنہا